ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل کے نوجوان کی دہرادون کے قریب المناک موت؛ بائک کو ٹکر مار کر بس فرار؛ نئی دہلی سے مینگلور لائی جارہی ہے میت

بھٹکل کے نوجوان کی دہرادون کے قریب المناک موت؛ بائک کو ٹکر مار کر بس فرار؛ نئی دہلی سے مینگلور لائی جارہی ہے میت

Thu, 01 Aug 2024 20:34:19    S.O. News Service

 بھٹکل یکم اگست (ایس او نیوز)بائک پر سوار ہریدوار سے دہرادون جانے کے دوران  بس   کی ٹکر سے بھٹکل کے نوجوان کی موت واقع ہوگئی جس کی شناخت دانش احمد(25) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔  حادثہ بدھ  سہ پہر قریب پونے چار بجے  پیش آیا۔  میت اب نئی دہلی سے بذریعہ فلائٹ  مینگلور لائی جارہی ہے۔جمعہ صبح  گیارہ بجے تک  مینگلور پہنچنے کی توقع ہے۔

مرحوم دانش کے قریبی رشتہ داروں کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق  نئی دہلی سے دہرادون جانے والی فلائٹ کینسل ہونے کی وجہ سے وہ  بذریعہ بس ہریدوار پہنچا تھا، جہاں سے  ایک بائک کرائے پر حاصل کرتے ہوئے  دہرادون جانے کے لئے نکلا تھا، ہریدوار سے  قریب 45 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد  ایک تیز رفتار بس اس کی  موٹر سائیکل  کو ٹکر مارکر فرار ہوگئی۔واردات دہرادون سے صرف 20 کلو میٹر کے فاصلے پر لچّی والا ٹول پلازہ کے قریب پیش  آئی۔بتایا گیا ہے کہ بس کی ٹکر سے دانش سڑک کی ڈیوائیڈر سے ٹکراگیا ،جبکہ  اس کی ہلیمیٹ اُڑ کر  کافی دور جاگری۔ اطلاع ملتے ہی مقامی پولس نے دانش کو شدید زخمی حالت میں قریبی اسپتال لے جانے کی کوشش کی، مگر وہ غالباً اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی انتقال کرگیا۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی اس کے قریبی رشتہ دار مینگلور اور دبئی سے دہرادون پہنچ گئے، جہاں پہنچنے کے بعد پتہ چلا کہ فلائٹ کینسل ہونے کی وجہ سے  دانش  نئی دہلی سے بذریعہ بس  دہرادون  جانے کے لئے نکلا تھا، مگر موت اس کا تعاقب کررہی تھی، بس ہریدوار پہنچنے کے بعد اس نے ایک ہوٹل میں قیام کیا تھا، وہاں کوئی یاترا  چل رہی تھی جس کی وجہ سے آگے کا سفر بس یا کار کے ذریعے ممکن نہیں تھا، جس کی وجہ سے  اس نے ایک بائک کرائے پر حاصل کی اوراپنی منزل کی طرف چل پڑا تھا۔ دہرادون کے کافی قریب پہنچنے کے بعد  اس کی بائک کسی بس کی زد میں آگئی۔

مرحوم سید عبداللہ یس یم(پوڈ) کا نواسہ اورسید عبدالرحمن ایس ایم (پُوڈ) کا بھانجہ دانش احمد   مینگلور کے عطّاور میں  اپنی والدہ کے ساتھ رہائش پذیر تھا، کافی محنتی نوجوان تھا، دبئی کی ایک معروف  آن لائن     کمپنی کے لئے مال سپلائی کرتا تھا اور اسی سلسلے میں دہرادون جارہا تھا۔ اللہ اس کی بھرپور مغفرت فرمائے ، جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے،   ماں سمیت اس کے دونوں بڑے بھائیوں اور تمام رشتہ داروں اور دوستوں  کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ اٰمین۔

دانش احمد کی موت پر بھٹکلی جماعت المسلمین مینگلور کے ذمہ داران نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور گھروالوں کے ساتھ تعزیت کی ہے۔


Share: